ابوظہبی، پہلےون ڈے میں پاکستان کو 47 رنز سے شکست

ابوظہبی، پہلےون ڈے میں پاکستان کو 47 رنز سے شکست


 ابو ظہبی (24 نیوز) ون ڈے فارمیٹ میں قومی ٹیم کیویز کیخلاف فتح کو ترس گئی، لگاتار 12 ویں میچ میں شکست، سرفراز و عماد کی ففٹیاں رائیگاں، بولٹ کی ہیٹرک کی بدولت ٹارگٹ کی جانب گامزن قدم آغاز  ہی میں لڑکھڑا گئے۔

پہلے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 47 رنز سے مات دیدی۔ 267 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان نے کیا لیکن 8 کے مجموعی سکور پر ٹرینٹ بولڈ نے تباہی پھیر دی۔ ٹرینٹ بولٹ کی تباہ کن باؤلنگ کے سامنے پاکستانی بلے باز بے بس نظر آئے، ٹرینٹ بولڈ نے کیرئیر کی پہلی ہیٹ ٹرک سکور کرتے ہوئے پہلے فخر، پھر بابر اعظم اور حفیظ کو ٹھکانے لگایا۔ 

شعیب ملک اور امام الحق نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 63 رنز کا اضافہ کیا تاہم 71 کے مجموعی اسکور پر امام الحق 34 رنز بناکر فرگسن کا شکار بنے۔ اگلے ہی اوور میں شعیب ملک جارحانہ اسٹروک کھیلنے کی کوشش میں  30 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ چھٹی وکٹ 85 رنز پر گری جب شاداب خان 7 رنز بناکر سودھی کا شکار بنے۔

ساتویں وکٹ کی شراکت میں عماد وسیم اور سرفراز کے مابین 103 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی، اس دوران سرفراز اور عماد  نے شاندار ففٹیز سکور کیں مگر ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے، پاکستان کی جانب سے سرفراز 64، عماد 50، امام الحق 34 جبکہ شعیب ملک 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹرینٹ بولٹ اور فرگسن نے 3 جبکہ کولن ڈی گرون ہوم نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل کیویز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنائے۔ اننگز کا آغاز جارج وارکر اور کولن منرو نے کیا تاہم 13 کے مجموعے پر وارکر محض 1 رن بنا کر شاہین آفریدی کا شکار بن گئے.

شاہین کی دوسری وکٹ بننے سے قبل 36 کے مجموعی سکور پر منرو نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 29 رنز بنائے، نیوزی لینڈ تیسری وکٹ 78 رنز کے مجموعے پر گری جب کین ولیمسن 27 رنز بنا کر شاداب کا شکار بنے۔

اس موقع پر ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹام لیتھم اور راس ٹیلر نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 130 رنز بنائے اور اسکور 208 رنز تک پہنچا دیا۔

41 ویں اوور میں شاداب نے تباہی مچا تے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں اور نیوزی لینڈ کی بڑے ہدف کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، 208 کے مجموعی سکور پر 6 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ نیوزی لینڈ کی ساتویں وکٹ 210 رنز پر اس وقت گری جب روس ٹیلر عماد وسیم کی گیند پر بولڈ ہوگئے،  مہمان ٹیم کی آٹھویں وکٹ 252 اور نویں 254 رنز پر گری۔ راس ٹیلر 80 اور ٹام لاتھم 68 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور شاداب خان نے 4،4 وکٹیں سمیٹیں۔

یاد رہے کہ سیریز کا دوسرا میچ 9 نومبر کو ابو ظہبی میں کھیلا جائے گا، 3 میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ کو 0-1 کی برتری حاصل ہے۔