ورلڈ بیچ ریسلنگ چیمپئن شپ پاکستانی پہلوان محمد انعام بٹ نے جیت لی

ورلڈ بیچ ریسلنگ چیمپئن شپ پاکستانی پہلوان محمد انعام بٹ نے جیت لی


24نیوز :ترکی میں ہونیوالی ورلڈ بیچ ریسلنگ چیمپئن شپ پاکستانی پہلوان محمد انعام بٹ نے جیت لی، گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے انعام بٹ نے جورجیا کے پہلوان کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا، انعام بٹ کہتے ہیں کہ مستقبل میں محنت سے ملک کا نام مزید روشن کروں گا۔

 تفصیلات کے مطابق بیچ ریسلنگ کے عالمی چیمپئن کا اعزاز پاکستان کے مایہ ناز پہلوان محمد انعام بٹ نے اپنے نام کرلیا،ترکی میں ہونے والے بیچ ریسلنگ چیمپئن کے فائنل میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹائٹل دوبارہ اپنے نام کیا، انعام بٹ نے سنیئر کیٹگری 90 کلوگرام کے فائنل میں جارجیا کے پہلوان کوتین کے مقابلے میں ایک سے شکست دی اور پاکستان کیلئے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔

انعام بٹ نے ایونٹ کے پہلے ناک آئوٹ مرحلے میں ناروے اور پرتگال کے پہلوانوں کو شکست دی،پری کوارٹرفائنل میں رومانیہ، کوارٹر فائنل میں یوکرائن جب کہ سیمی فائنل میں یونان کے پہلوانوں کو مات دی۔ انعام بٹ کے والد اور کوچ لالہ محمد صفدر بٹ نے فائنل جیتنے پر انتہائی خوش دکھائی دئیے،انعام بٹ نے کامیابی کے بعد سبز ہلالی پرچم کیساتھ اکھاڑے کا چکر لگایا،انعام بٹ کا کہنا تھا کہ گولڈ میڈل کا خواب دل میں سجا کر آیا تھا،اللہ پاک نے والدین، کوچز، مداحوں،دوستوں اورقوم کی دعاؤں سے عطا کیا۔