شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد



لاہور( 24نیوز )احتساب عدالت نےرمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کر دی گئی، ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں آشیانہ سکینڈل اوررمضان شوگر ملزکےریفرنس کی سماعت ہوئی، احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن بخاری نے فرد جرم عائد کی، عدالت میں وکیل نیب نے موقف اختیار کیا کہ رمضان شوگر ملز کیس میں مل کے لئے سرکاری خزانے سے نالہ بنایا گیا، یہ اختیارات سے تجاوز کا کیس ہے، اس موقع پر شہباز شریف نے کچھ کہنا چاہا تو عدالت نے ان کو روک دیا اور کہا کہ آپ کو بولنے کا موقع دیا جا ئے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انہوں نے قوم کا بہت سا پیسہ بچایا، جو الزم لگایا جارہا ہے وہ غلط ہے، عدالت کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق کارروائی کی جارہی ہے، کیا آپ یہ الزامات قبول کرتے ہیں کہ نہیں؟جس پرملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا، عدالت نے گواہوں کو طلب کرتے ہوئے شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے کو جانے کی اجازت دے دی۔

 آشیانہ سکینڈل کیس میں گواہوں کےبیانات قلمبند کئے گئے جبکہ رمضان شوگر ملزکیس میں213ملین کی بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔