کسی کے گھر پر حملہ ہوا تو وہ خاموش نہیں بیٹھے گا، سعد رفیق


لاہور (24نیوز) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ حلقہ بندیوں کے لیے پیپلز پارٹی سینیٹ میں ووٹ ڈالنے سے گریزاں ہے، اگر قانون سازی نہیں ہوتی تو الیکشن میں تاخیر ہوسکتی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن وقت پر ہوں، تبدیلی صرف ووٹ کے ذریعے آنی چاہیئے۔

تفصیلات کےمطابق مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے طنز کے تیروں کا رخ سابق صدر آصف علی زرداری کی طرف کر دیا،ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت پھٹ چکی ہے، ان کے جلسوں کا فائدہ ن لیگ کو ہو رہا ہے۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور عمران خان میں مقابلہ ہے کہ کون زیادہ الزام لگاتا، یہ لوگ ہمارے نقصان کی خواہش میں پاکستان اور جمہوری نظام کو نقصان پہنچانا شروع کر دیتے ہیں۔

سعد رفیق نے چودھری برادران اور طاہرالقادری کو روبوٹس کہہ دیا، انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی روبوٹس کا بٹن بہت سارے ہاتھوں میں ہے، ہم سول بالادستی اور آئین کی حکمرانی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔