دہشتگردوں نے بلوچستان کے سیاسی بحران سے فائدہ اُٹھایا: سرفراز بُگٹی


کوئٹہ (24 نیوز) سابق وزیر داخلہ سرفراز بُگٹی نے کہا کہ بلوچستان سانحے کی شدت کئی گُنا زیادہ ہوسکتی تھی اگر خودکش دہشت گرد اسمبلی تک پہنچنے میں کامیاب ہو جاتا۔ دہشتگردوں نے بلوچستان کے سیاسی بحران سے فائدہ اُٹھایا۔

بلوچستان کے سابق وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کوئٹہ دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد بلوچستان کی سیاسی ہلچل کو بحران میں بدلنا چاہتے تھے۔ سخت سیکیورٹی کی وجہ سے دہشت گرد اسمبلی تک نہ پہنچ سکا اور نشانہ اہلکار بن گئے۔ اگر سیکیورٹی میں جھول ہوتا تو سانحہ کی شدت کئی گُنا زیادہ ہوسکتی تھی اور اس کی ذمہ داری بڑی حد تک سیاسی قیادت پر ہوتی جس کی پیدا کردہ سیاسی ہلچل نے دہشتگردوں کو ذرغون روڈ کا راستہ دکھایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردوں کا تو مقصد ہی بحران اور سانحات پیدا کرنا ہے، لیکن اگر اس کا آغاز سیاسی قیادت کرے تو عدم تحفظ کا شکار عوام کس سے فریاد کریں گے۔

واضح رہے کہ کوئٹہ دھماکا میں 4 سیکیورٹی اہلکار اور 2 شہری شہید ہوا۔ دھماکے میں 15 افراد زخمی ہوئے جن میں سے بعض کی حالت نازک ہے۔