اورنج لائن منصوبہ مجوزہ تاریخ تک مکمل کرنے کا حکم

اورنج لائن منصوبہ مجوزہ تاریخ تک مکمل کرنے کا حکم


اسلام آباد(24نیوز)  چیف جسٹس نے حکم دیا کہ ٹھیکیدار مجوزہ تاریخوں تک ہر صورت میں  اورنج لائن ٹرین کا  کام مکمل کریں، کام مکمل نہ ہونے پر عدالتی حکم کی عدم تعمیل سمجھا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں اورنج لائن ٹرین منصوبے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ،چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی،  نعیم بخاری وکیل ٹھیکیدار نے عدالت کو بتایا کہ مسئلہ یہ ہے کہ کام کے پیسے نہیں ملتے،  جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ایل ڈی اے چیک سپریم کورٹ میں جمع کرا دے ،ٹھیکیدار بینک گارنٹی جمع کرا کے چیک لے سکتے ہیں،عدالت کا کہنا تھا کہ ہم سبطین فضل حلیم پراجیکٹ ڈائریکٹر کے شکر گزار ہیں۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اورنج لائن لاہور کے لوگوں کے لیے تحفہ ہے، عدالت نے حکم دیا کہ ٹھیکیدار مجوزہ تاریخوں تک ہر صورت کام مکمل کریں، کام مکمل نہ ہونے پر عدالتی حکم کی عدم تعمیل سمجھا جائے گا، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جس دن گڈی چلے گی ہمیں بھی بتائیں ہم بھی گڈی کی سواری کریں گے،بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔