مشرق وسطیٰ کسی اور جنگ کا متحمل نہیں ہوسکتا:شاہ محمود قریشی

مشرق وسطیٰ کسی اور جنگ کا متحمل نہیں ہوسکتا:شاہ محمود قریشی


اسلام آباد(24 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ عرصہ دراز سے کشیدگی کا شکار ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ یہ خطہ مزید کسی جنگ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

وزیر خارجہ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے عراق میں میزائل حملے میں ایرانی قدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی کی ہلاکت اور ایران کی جانب سے عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر بدلے کے طور پر میزائل حملوں کے بعد خطے میں صورتحال کشیدہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 3 جنوری کے واقعات ( امریکی حملے میں قاسم سلیمانی کا قتل) اور پھر آج 8 جنوری کو علی الصبح ایران کی جانب سے سامنے آنے والے ردعمل نے کشیدگی میں اضافہ کردیا ہے۔ پاکستان سمجھتا ہے کہ یہ کشیدگی نہ صرف ہمارے بلکہ پورے خطے کے مفاد میں نہیں ہے اور پاکستان کی کوشش رہی ہے اور کوشش ہے کہ ہم معاملات کو سلجھائیں۔

وزیر خارجہ نے بتایا کہ اس ساری صورتحال کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے پاکستان نے خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ سفارتی روابط کے فروغ کا فیصلہ کیا اور میری خطے کے مختلف وزرائے خارجہ سے گفت وشنید ہوئی، ان سب کی یہی رائے ہے کہ ہم مل جل کر خطے کے امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

یاد رہے وزیر اعظم عمران خان نے امریکا ،ایران کشیدگی کے پیش نظر وزیر خارجہ کو امریکا ،سعودی عرب اور ایران کے دورے کرنے کی ہدایت کی ہے۔ادھر امریکی  سیکرٹری دفاع نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ٹیلی فون کرکے خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

Azhar Thiraj

Senior Content Writer