ملتان میں تانگوں پر ریلی نکالی گئی، رحیم یار خان میں جشن بہاراں کا آغاز


ملتان، رحیم یار خان (24 نیوز) میئر ملتان چوہدری نویدالحق آرائیں کی قیادت میں ممتاز آباد سے امن تانگہ ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں شہر کی سیاسی و سماجی شخصیات سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

امن تانگہ ریلی ممتاز آباد میونسپل کارپوریشن کے دفتر سے نکالی گئی۔ امن ریلی کا استقبال ڈھول کی تھاپ اور پھول نچھاور کرکے کیا گیا۔ ریلی میں درجنوں تانگے موجود تھے۔ جن پر خواتین اور مرد سوار تھے۔ اس موقعہ پر میئر ملتان نے ہوا میں پرندے آزاد کیے اور کہا کہ ریلی کا مقصد امن اور رواداری کا پیغام پوری دنیا کو دینا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: بلی بن گئی مچھلی فروش، خوشنما لباس بھی پہنتی ہے

ریلی اپنے مقررہ راستوں سے ہوتی ہوئی میئر کی رہائش گاہ وہاڑی روڈ جا پہنچی۔ جہاں پر سابق صوبائی وزیر چوہدری عبدالوحید آرائیں، سابق رکن قومی اسمبلی شیخ طارق رشید سمیت دیگر لیگی راہنماؤں نے خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ملک بھر میں امن چاہتے ہیں۔ اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر دنیا بھر میں امن قائم کیا جاسکتا ہے۔

امن تانگہ ریلی میں فٹبال ایسوسی ایشن ملتان کے صدر جاوید قریشی، ایڈووکیٹ اورنگزیب خان بلوچ، یوسی چیئرمین چوہدری اقبال، چوہدری اکبر لعل، امتیاز اکرم، اسحاق خان، امجد بھٹی، سرائیکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما مطلوب بخاری، عابدہ بخاری، شاہد محمود انصاری، یوسی چیئرمین قسور بھٹی، جاوید افتخار سمیت کثیر تعداد میں سیاسی وسماجی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔

دوسری جانب رحیم یارخان میں تین روز جشن بہاراں میلے کا آغاز ہو گیا۔ بچوں کی رنگارنگ پرفارمنس نے افتتاحی تقریب میں کو چار چاند لگا دئیے۔ میلے کا افتتاح اے ڈی سی جنرل بابرسلیمان، ممتاز بزنس مین حاجی محمدابراہیم اور چیئرمین میونسپل کمیٹی میاں اعجاز عامر نےکیا۔

رحیم یارخان میں تین روزہ جشن بہاراں میلہ شیخ خلیفہ سپورٹس کمپلیکس میں سجا ہے۔ آنگن کے کھلے پھول جیسے بچوں کی خوبصورت پرفارمنس نے تقریب میں خوب رنگ بکھیرے۔دانش سکول کی بچیوں نے ایروبک اور تیکوانڈو کا مظاہرہ کیا۔

ضرور پڑھئے: معروف گلوکار راحت فتح علی خان ”کنگال“ہوگئے 

لاہور گرائمر سکول کے بچوں نے ڈرم بینڈ کے ساتھ ڈریگن کا مظاہرہ کیا۔ طالبات نے بسنت کے رنگوں اور پنجاب کی ثقافت کو اپنے انداز میں پیش کیا۔ بچوں کی پرفارمنس نے بتایا کہ وہ انتہائی خود اعتماد اور ان کا مستقبل روشن ہے۔افتتاحی تقریب میں چیئرمین میونسپل کمیٹی میاں اعجاز عامر نے مہمانان خصوصی اے ڈی سی جنرل بابرسلمان اورممتاز بزنس مین حاجی محمد ابراہیم کو اجرک پہنا کر روایتی انداز میں خوش آمد ید کہا۔

جشن بہاراں میلے میں پھولوں کے رنگوں کو اکٹھا کرکے فلاورشو کا انعقاد بھی کیاگیا۔اس موقعے پر مزے مزے کے کھانوں کے لیے فوڈ اسٹریٹ، بچوں کے لیے جھولے اور صحرائی جہاز ڈاچی کی سواری بھی موجود تھی۔ رات کو ہونے والی آتش بازی نے آسمان کو رنگوں سے بھر دیا۔