پیپلزپارٹی، تحریک انصاف کو کراچی میں کن شرائط پر جلسوں کی اجازت ملی؟


کراچی (24نیوز) پاکستان  پیپلز پارٹی اورپاکستان تحریک انصاف کو  کراچی   میں جلسہ کرنے کی اجازت مل گئی۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر  ایسٹ نے  پاکستان  پیپلز پارٹی اورپاکستان تحریک انصاف   کے جلسوں کے لیے قواعد و ضوابط پر عملدرآمد سے مشروط اجازت نامہ جاری کردیا۔ پیپلز پارٹی کو  باغ جناح گراؤنڈ میں جلسہ کی اجازت ملی ہے جبکہ تحریک انصاف الہٰ دین پارک سے متصل گراؤنڈ میں 12 مئی کو جلسہ کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پارلیمنٹ چیئرمین نیب کو طلب کرکے جواب مانگے:وزیر اعظم

اجازت نامےمیں لکھا گیا ہے کہ ایسی تقریر کی بھی اجازت نہیں ہوگی جس سے کسی کی دل آزاری ہو جبکہ مزید لکھا گیا ہے کہ میں روڈ  پر رکاوٹیں اور اسلحہ کی نمائش میں پابندی ہوگی ۔ اور ایسا کوئی کام نہیں کیا جائے گا جس سے ٹریفک متاثر ہو۔دوران جلسہ کسی شخص اور پراپرٹی کو نقصان پہنچنے کی صورت میں ذمہ دار منتظمین ہوں گے۔

اسپیکرز کا استعمال 1965 کے ویسٹ پاکستان ایمپلی فائر آرڈیننس کے تحت ہوگا,  اسپیکر پر متنازع بات نہیں کی جاسکتی اور خلاف ورزی کی صورت میں ایک ماہ قید اور 200 روپے جرمانے کی سزا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند دنوں سے دونوں پارٹیوں کے درمیان حکیم سعید گراؤنڈ  میں جلسہ کرنے پر تنازعہ چل رہا تھا اور دونوں پارٹیوں نے جلاؤ گھیراؤ بھی کیا جس سے کئی افراد زخمی اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔