آرمی چیف سے زندگی ٹرسٹ کے طلبہ و طالبات کی ملاقات، طالبہ کیساتھ شطرنج بھی کھیلی


اسلام آباد (24نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے مختلف سکولوں کے طلباء کے وفد کی ملاقات ہوئی ہے۔ اس دوران سربراہ پاک فوج نے جذبہ خیر سگالی کے تحت ایک طالبہ سے شطرنج کا میچ بھی کھیلا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق زندگی ٹرسٹ کے تحت طلبا وفد نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف سے ملاقات کی۔ وفد میں تعلیم کے ساتھ کھیلوں کے شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ طالبات بھی شامل تھے ۔

اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر باجوہ نے کہا کہ اللہ تعالی نے پاکستان کو باصلاحیت نوجوانوں سے نواز ا ہے۔نوجوان ہی ہمارا حقیقی دفاع ہیں۔طلبا و طالبات جدید سائنسی علوم کے بارے میں آگاہی حاصل کریں۔عالمی سطح پر مقابلہ کےلیے آئی ٹی سمیت نئے شعبوں میں آگاہی حاصل کریں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ایک طالبہ کے ساتھ شطرنج بھی کھیلی۔ آرمی چیف نےطالبہ کے ساتھ جذبہ خیرسگالی کے تحت شطرنج کا میچ کھیلا۔

اس موقع پر زندگی ٹرسٹ کے سربراہ گلوکار شہزاد رائے اور ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور بھی موجود تھے۔  طلبہ و طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں اور نوجوان نسل ہی ہماری اصل دفاعی صلاحیت ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں جدید ترین عالمی معیارات کے مطابق مہارت حاصل کریں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق غیرسرکاری تنظیم زندگی ٹرسٹ کی معاونت سے تعلیم حاصل کرنے والے بچوں نے کھیل کے میدان میں بھی کامیابیاں حاصل کیں۔یاد رہے کہ زندگی ٹرسٹ فلاحی تنظیم ہے جو اپنے خرچ پر سرکاری سکولوں کے اخراجات اٹھاتی ہے۔