جج ویڈیو سکینڈل کیس:نواز شریف کی استدعا منظور

جج ویڈیو سکینڈل کیس:نواز شریف کی استدعا منظور


اسلام آباد(امانت گشکوری)سپریم کورٹ نے جج ارشد ملک وڈیوسکینڈل کیس میں نواز شریف کی نظر ثانی درخواست نمٹا دی۔ عدالت نے عدالتی آبزرویشنزسے متعلق نواز شریف کی استدعا منظور کر لی۔ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیے کہ ججز کسی کے ساتھ نا انصافی نہیں کر سکتے۔ 

چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے نواز شریف کی نظر ثانی درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دئیے کہ عدالت نے معاملہ اسلام آباد ہائی کورٹ پر چھوڑا،قانون جانے اور اس کا کام ۔ہم نے فیصلہ میں لکھ دیا تھا ہماری مداخلت کی گنجائش نہیں ۔

درخواست گزار کے وکیل اکرام چودھری نے کہا کہ دیکھنا یہ ہے پریس کانفرنس سے عدلیہ کو نقصان پہنچا یا نہیں، چیف جسٹس نے کہا کہ کیسے تسلیم کر لیں کے عدلیہ کو نقصان پہنچا؟؟ ہم نے انتظار کیا تو 3 درخواستیں آ گئیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ تبصرے شروع ہوگئے تھے کہ ہائیکورٹ کے ہاتھ باندھ دیئے گئے، یہ بات تب ہوتی ہے جب فیصلہ پڑھے بغیر تبصرے شروع ہو جاتے ہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ ویڈیو سکینڈل پر اپنا فیصلہ کرنے میں مکمل آزاد ہے ۔

نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث بولے کہ عدالت کے سامنے کسی مقصد کیلئے آیا ہوں جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت سے جو آپ مانگ رہے ہیں ہم پہلے ہی دے چکے ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ اپنا راستہ خود تلاش کرےجو فیصلہ بھی ہوگا میرٹ پر ہوگا۔

Azhar Thiraj

Senior Content Writer