شریف برادران کے ماتحت کام کرنے کی حامی بھری تھی، بچوں کے نہیں:چودھری نثار


ٹیکسلا(24نیوز) سابق وزیرداخلہ نے مریم نواز کے ماتحت کام کرنے سے انکارکردیا، نوازشریف اورشہباز شریف کے ماتحت کام کرنے کی حامی بھری تھی انھوں نے کہا کہ بچوں کے نیچے سیاست نہیں کرسکتا۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ چودھری نثار نے ٹیکسلا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کےماتحت کام نہیں کرسکتا۔ انھوں نے کہا کہ کبھی پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی نہیں کی، پارٹی چلانے کے حوالے سے تحفظات ہیں۔ پارٹی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں۔ ضروری ہے ہر کوئی اپنے گریبان میں جھانکے۔ الیکشن کےبعد مستقبل کا فیصلہ کروں گا۔

انھوں نے کہا کہ شہباز شریف اورشاہد خاقان بھی اداروں سے تصادم نہیں چاہتے۔ نوازشریف کو خط لکھا کہ میٹنگ بلائیں تاکہ نیوز لیکس پر بریف کرسکوں۔ سی ای سی نہ بلائی تو رپورٹ پبلک کردوں گا۔

ٹیکسلا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ اگر معاملات پارٹی کے اندر حل ہوئے تو ٹھیک ورنہ ڈان لیکس کو قوم کے سامنے لاؤں گا۔

انھوں نے پریس کانفرنس کے اختتام پر آئندہ کسی بھی پریس کانفرنس میں مریم نواز کے حوالے سے سوالات کرنے پر صحافیوں کو سخت تنبیع کردی۔