نواز شریف نے پارٹی ٹکٹ دینے کا اختیار مریم نواز کو دے دیا


اسلام آباد(24نیوز) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے آئندہ عام انتخابات کیلئے ٹکٹ جاری کرنے کا اختیار اپنی صاحبزادی مریم نواز کو دینے کا اصولی فیصلہ کرلیا، فیصلے پر وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف سمیت سینئر لیگی رہنمائوں نے تحفظات کا اظہار کر دیا ہے۔

نواز شریف نے 2018 کے انتخابات کیلئے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کرنے کا اختیار بھی مریم نواز کو سونپ دیا۔ فیصلے نے پارٹی حلقوں میں کھلبلی مچا دی، ذرائع کے مطابق مریم نواز نے بھی اختیار ملتے ہی کام شروع کر دیا، امیدواروں کی تفصیل جمع کرنا شروع کر دی۔

ذرائع کے مطابق شہباز شریف بھی نواز شریف کے فیصلے پر خوش دکھائی نہیں دیتے، انہوں نے اپنے تحفظات اسپیکر ایاز صادق اور سعد رفیق کے ذریعے نواز شریف تک پہنچا دئے۔شہباز شریف کے تحفظات سامنے آنے پر نواز شریف نے اہم رہنماؤں کا اجلاس آئندہ چند روز میں طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں ان تمام امور پر غور کیا جائے گا۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ صورتحال کے پیش نظر چودھری نثار کا مستقبل بھی خطرے میں آگیا ہے، چند لیگی رہنمائوں نے چودھری نثار سے بھی رابطہ میں ہیں۔

یاد رہے کہ مظفر آباد میں پانچ فروری کو ن لیگ کے جلسے میں نواز شریف نے حفظ مراتب نظر انداز کرکے اپنے بعد مریم نواز کو خطاب کی دعوت دی تھی، جو کہ ایک اعلان تھا کہ مریم نواز شریف کی جانشین ہیں۔