ٹیم میں اختلاف نہیں،سب خبریں بے بنیاد ہیں:چیئرمین  پی سی بی



لاہور( 24نیوز ) چیئرمین  پی سی بی احسان مانی نے قومی ٹیم کے معاملات بارے تمام افواہوں کو مسترد کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم میں سلیکشن کے معاملات پر کپتان، ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹرز میں مشاورت ہوتی رہتی ہے اور تینوں میں کوئی اختلاف نہیں اور نہ ہی ٹیم میں کوئی لابنگ یا گروپنگ ہے۔ان کا کہنا ہے کہ  تینوں فارمیٹس کے لئے سرفراز احمد کو کپتان بنانے میں کوئی ہرج نہیں، ورلڈ کپ تک سرفراز احمد کو قیادت سونپی گئی ہے اور ورلڈ کپ کے بعد اُن سے مشورہ کریں گے کہ وہ خود کیا چاہتے ہیں۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ہمیں ٹیم کے لئے لیڈر بنانے کی ضرورت ہے، ورک لوڈ کی وجہ سے سرفراز احمد کو آرام کی ضرورت تھی، پابندی کے بعد سرفراز احمد کو کچھ آرام مل گیا۔

قومی ٹیم کی سلیکشن پر کپتان سرفراز احمد کے کردار پر انہوں نے کہا کہ میں نے براہ راست سرفراز احمد سے پوچھا جس پر انہوں نے کہا کہ مکی آرتھر اور انضمام الحق اُن سے سلیکشن پر مشورہ کرتے رہتے ہیں اور ہر سلیکشن میں یہ مشورہ کیا جاتا ہے، پاکستانی ٹیم میں کسی قسم کی کوئی سیاست نہیں ہے، پوری ٹیم سرفراز احمد کے پیچھے کھڑی ہے اور کوئی کھلاڑی کپتان کو گرانے کے لئے سازش یا لابنگ میں ملوث نہیں ہے اور یہ تاثر درست نہیں کہ ٹیم سیاست کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم اچھا کھیلنے کے بعد جنوبی افریقہ میں ہاری اور ہم نے کھلاڑیوں سے یہی کہا ہے کہ شکست سے سیکھنے کی کوشش کریں۔ آسٹریلیا کی سیریز میں روٹیشن پالیسی کے تحت سینئر کھلاڑیوں کو آرام دیں گے تاکہ ان کا ورک لوڈ کم ہو، ہمیں اپنے کرکٹرز میں لیڈرز تیار کرنے کی ضرورت ہے، کھلاڑیوں کو اپنے اندر بھی لیڈر شپ کوالٹی لانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن پر ہماری ٹالرنس زیرو ہے، اینٹی کرپشن یونٹ کو پی سی بی سے الگ کررہے ہیں، شرجیل خان کی پابندی ستمبر میں ختم ہورہی ہے جس کے بعد انہیں ری ہیب پراسس میں جانا ہوگا، شرجیل ری ہیب کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ کھیلیں اگر ان کی پاکستانی ٹیم میں جگہ بنتی ہے تو انہیں ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer