ٹویٹر پر جسٹس فار زینب ٹاپ ٹرینڈ بن گیا

ٹویٹر پر جسٹس فار زینب ٹاپ ٹرینڈ بن گیا


اسلام آباد (24 نیوز) دنیا بھر کےعوام معصوم زینب کے ظالمانہ قتل کے خلاف اکھٹے ہوگئے۔ ٹویٹر پر جسٹس فار زینب ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔

پاکستان سے لے کر امریکا اور یورپ تک دنیا کی تمام شہری اور شخصیات زینب کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کر رہے ہیں۔ ننھی زینب کے قتل سے ہر پاکستانی کا دل زخموں سے چور ہے۔ پاکستان کرکٹ اور شوبز کے ستاروں کا زینب کے ساتھ ہونے والی سفاکی پر شدید دکھ کا اظہار۔

کرکٹر اظہرعلی نے ٹویٹ کیا کہ ہمارا معاشرہ کس طرف جارہا ہے۔ زینب کو فوری انصاف ملنا چاہئے۔ جنید خان نے کہا کہ یہ خبر سن کر میرا دل ٹوٹ گیا ہے۔ محمد عامر نے کہا کہ سمجھ نہیں آتا کہ ہم کس معاشرے میں جی رہے ہیں۔ وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہی نہیں آتا یہ سب کچھ ہمارے پاکستان میں ہو رہا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ زینب کے والدین کو صبر عطا کرے۔

اداکارہ ماہرہ خان نے ٹویٹ کیا کہ اللہ کے واسطے اس درندے کو پکڑ کر عبرت کا نشان بنا دو۔ اداکار فہد مصطفیٰ نے ٹویٹ کیا کہ میری بچی میں بہت دکھ میں ہوں، لیکن امید ہے کہ تمہارے ساتھ انصاف ہوگا۔