زینب قتل کیس پرغم وغصہ کرنے والوں پرپولیس نے گولیاں برسائی: عمران خان

زینب قتل کیس پرغم وغصہ کرنے والوں پرپولیس نے گولیاں برسائی: عمران خان


اسلام آباد (24 نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے زینب زیادتی اور قتل کیس پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس نے واقعے پر احتجاج کرنے والے پُر امن مظاہرین پر گولیاں برسائیں۔ انہوں نے فائرنگ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کردیا۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ زینب قتل کیس پر پوری قوم صدمے میں ہے۔ قصور میں یہ پہلا واقعہ نہیں اس سے پہلے بھی بچوں سے زیادتی کے واقعات پیش آئے ہیں۔ زینب قتل کیس پر غم و غصہ کرنے والوں پر پنجاب پولیس گولیاں برساتی رہی۔ کیا پنجاب پولیس لوگوں کو تحفظ فراہم کررہی ہے؟

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس اس وقت تک ٹھیک نہیں ہوگی جب تک اسے غیر سیاسی نہیں کیا جاتا۔ پنجاب پولیس میں سیاسی بنیادوں پر بھرتیاں بند کی جائیں۔ پولیس حکام قانون پر چلنے کی بجائے رائیونڈ سے احکامات لیتے ہیں۔ شریفوں نے پنجاب پولیس کو تباہ کیا ہے۔ وقت آگیا ہے کہ پنجاب پولیس کو ٹھیک کیا جائے، پنجاب کے عوام مطالبہ کریں کہ انھیں پیشہ وارانہ پولیس دیں۔ اگر ماڈل ٹاون سانحے میں ملوث ملزمان کو سزا مل جاتی تو آج یہ واقعہ نہیں ہوتا۔

پُرامن مظاہرین پر پولیس فائرنگ کی مذمت کرتا ہوں، مظاہرین پر فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے عمران خان نے مطالبہ کردیا۔