کفر ٹوٹا خدا خدا کرکے،صدرنے ایک ماہ سے لٹکایا کام کردیا



اسلام آباد( 24نیوز )کفر ٹوٹا خدا خدا کرکے،صدرمملکت نے وہ کام کردیا جو ایک ماہ سے لٹکا ہوا تھا۔

صدر مملکت عارف علوی نے سینیٹر اعظم سواتی کا بطور وفاقی وزیر استعفیٰ منظور کرلیا،کابینہ ڈویژن نے اعظم سواتی کے استعفے کی منظوری کا نوٹی فکیش جاری کردیا جس کے مطابق صدر نے وزیراعظم کی سفارش پر استعفیٰ منظور کیا،نوٹی فکیشن کے مطابق اعظم سواتی کے استعفے کی منظوری کا اطلاق 6 دسمبر 2018 سے ہوگا۔

سابق وفاقی وزیر سینیٹر اعظم سواتی کے استعفے کی منظوری کا نوٹی فکیشن ان کے مستعفی ہونے کے اعلان کے ایک ماہ 3 روز بعد جاری کیا گیا ہے،آئی جی اسلام آباد تبادلہ کیس میں نامزد اعظم سواتی نے سپریم کورٹ کی جانب سے جے آئی ٹی بنائے جانے کے بعد 6 دسمبر 2018 کو وفاقی وزیر کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا تاہم اس کا نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا گیا تھا،اعظم سواتی کے استعفے کے ایک ماہ بعد بھی وفاقی کابینہ کی فہرست میں ان کا نام بطور وفاقی وزیر درج تھا جس پر یہ معاملہ سپریم کورٹ میں بھی زیر بحث آیا۔

یاد رہے سپریم کورٹ نے اعظم سواتی کے اثاثوں کی جانچ پڑتال کا بھی حکم دے رکھا ہے،وفاقی وزیر سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال (مس کنڈکٹ) کے معاملے کی تحقیقات کے تانے بانے ان کے صاحبزادے کی جانب سے ان کے فارم ہائوس کے قریب رہائش پذیر ایک غریب خاندان کے خلاف مقدمے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے ملتے ہیں۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer