سب سے پہلے کس کو گھر ملیں گے؟ وزیر اعظم نے اعلان کردیا


اسلام آباد( 24نیوز )وزیر اعظم عمران خان تقریب سے خطاب کررہے ہیں،انہوں نے ”اپنا گھر“ہاﺅسنگ سکیم کا اعلان کردیا ۔

انہوں نے کہا ہے کہ ہمیں تھوڑی دیر کیلئے مشکلات کو برداشت کرنا پڑے گا،میں عوام کو مشکل وقت سے گزاروں گا لیکن آگے آسانی بھی لاﺅں گا،آئی ایم ایف اور دوست ممالک سے مدد لی جائے گی۔ پاکستان امیر ملک ہے لیکن مینجمنٹ درست نہیں،اس وقت میں عوام کو گھر دے رہا ہوں،اس سکیم سے چالیس انڈسٹریوں کو فائدہ ہوگا۔

وز یر اعظم عمران خان   کی عوام کو خوشخبری

حکومت پاکستان نے اپنے انتخابی وعدوں پر کام کرنا شروع کردیا، وز یر اعظم عمران خان آج شام ایک وعدے کی تکمیل کیلئے اہم اعلان کرکے عوام کو خوشخبری سنائینگے۔وزیراعظم عمران خان 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے کا آج افتتاح کریں گے، جس کے پہلے مرحلے میں گریڈ ایک سے 16 تک کے سرکاری ملازمین رجسٹریشن کرانے کے اہل ہوں گے،ذرائع کے مطابق عمران خان آج شام 5 بجے وزیراعظم آفس میں منصوبے کا افتتاح کریں گے۔

ذرائع کے مطابق مکانات کے لیے رجسٹریشن کا اعلان بھی آج ہی کیا جائے گا، تاہم رجسٹریشن کا مطلب مکانوں کی الاٹمنٹ نہیں بلکہ ضرورت مندوں کا پتہ لگانا ہے،اس سلسلے میں عوام کا ڈیٹا اکھٹا کرنے کی ذمہ داری نادرا کو دی جائے گی۔حکومت نے اس منصوبے کے لیے 'اپنا گھر اتھارٹی' کے نام سے نیا ادارہ بنانے کا فیصلہ بھی کیا ہے، جو ہر شہر میں سستے گھروں کی ضروریات اور جگہ کی نشاندہی کرے گی۔

ابتدائی طور پر پائلٹ پروجیکٹ کا آغاز 7 اضلاع میں ہوگا، جن میں فیصل آباد، سکھر، کوئٹہ، ڈیرہ اسماعیل خان، اسلام آباد، گلگت اور مظفر آباد شامل ہیں۔