اسلامی بینکوں کا منافع بڑھ گیا


کراچی(24نیوز) سود سے بچنے کی کوشش یا بہتر سروس، تین ماہ میں اسلامی بینکوں کے ڈپازٹس 17 فیصد بڑھ گئے جبکہ سودی بینکوں کے ڈپازٹس میں اس دوران معمولی کمی دیکھی گئی، اسلامی بینکوں کا منافع بھی بڑھ گیا۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں سال کی تیسری سہ ماہی میں اسلامی بینکوں کے ڈپازٹس 17.1 فیصد اضافے سے 17 کھرب 29 ارب روپے سے بڑھ گئے، جبکہ اس دوران ان کے مجموعی اثاثے 48 ارب روپے کے اضافہ سے 20 کھرب 83 ارب روپے تک پہنچ گئے۔

رپورٹ کے مطابق تین ماہ کے دوران اسلامی بینکوں کو 17 ارب 60 کروڑ روپے قبل از ٹیکس منافع ہوا، جو گزشتہ سال سے 45 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ مالی سال اس عرصے کا قبل از ٹیکس منافع 12 ارب 10 کروڑ روپے تھا، اسلامی بینکوں کے غیر فعال قرضوں کی شرح بھی سودی بینکوں سے کافی کم ہے، ستمبر کے اختتام پر غیر فعال قرضوں کا تناسب مجموعی قرضوں کے 3.5 فیصد رہا، مجموعی طور پر بینکنگ سیکٹر میں یہ تناسب 9.2 فیصد ہے۔