زرمبادلہ کے ذخائر تنزلی کا شکار،سال کے پہلے ہفتہ13کروڑ ڈالر کی کمی


کراچی (24 نیوز) نئے سال کے آغاز پر بھی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کا سلسلہ جاری، پہلے ہفتہ 13 کروڑ ڈالر سے زیادہ کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

 اسٹیٹ بینک کے مطابق جنوری کے پہلے ہفتہ غیر ملکی قرضوں کی واپسی، سود اور دوسری سرکاری ادائیگیوں پر مرکزی بینک کے 13 کروڑ 42 لاکھ ڈالر خرچ ہوئے۔ اس دوران کمرشل بینکوں کے ذخائر میں بھی 1 کروڑ 1 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی۔

ہفتہ کے اختتام پر زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 13 کروڑ 43 لاکھ ڈالر کی کمی سے 20 ارب 2 کروڑ ڈالر رہ گئے۔ مرکزی بینک کے پاس زرمبادلہ کا حجم 13 ارب 98 کروڑ 25 لاکھ ڈالر اور کمرشل بینکوں کا 6 ارب 3 کروڑ 75 لاکھ ڈالر رہ گیا۔

گزشتہ ماہ اڑھائی ارب ڈالر کے نئے قرضوں کے باوجود درآمدات میں اضافہ اور بیرونی قرضوں کی واپسی کے باعث رواں مالی سال کے دوران اب تک زرمبادلہ کی ذخائر میں مجموعی طور پر 1 ارب 39 کروڑ ڈالر کی کمی ہو چکی ہے۔