چینی قونصل خانہ حملےمیں ملوث 5 دہشت گردگرفتار

چینی قونصل خانہ حملےمیں ملوث 5 دہشت گردگرفتار


کراچی ( 24نیوز )  چینی قونصل خانے پر ناکام حملے کے ڈیڑھ ماہ بعد پولیس نے 5 سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا جبکہ ایک اب بھی قانون کی گرفت سے باہر ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کا پوش علاقہ کلفٹن بلاک 4 میں 23 نومبر 2018 کی صبح بھی معمول کی صبح تھی، صبح ساڑھے نو بجے اچانک علاقہ گولیوں کی گھن گرج سے گونج اٹھا۔  زور دار دھماکے ہوئے اور چینی قونصل خانے سے اٹھتا دھواں نظر آنے لگا، 3 بزدل دہشت گردوں نے چینی قونصل خانے پر حملہ کردیا۔

دہشت گردوں نے گلی کے کونے پر گاڑی کھڑی کی اور پیدل قونصل خانے کی طرف پیش قدمی شروع کردی.

پہلی چیک پوسٹ پر گولیاں برسائیں اور دستی بم سے حملہ کیا، اے ایس آئی اشرف اور کانسٹیبل عامر نے جام شہادت نوش کیا تو بیریئر پر سیکورٹی گارڈز اور دیگر پولیس اہلکاروں نے جوابی فائرنگ شروع کردی۔  سیکورٹی گارڈ جمن زخمی ہوا، دہشت گردوں کے بیریئر پار کرتے ہی پہلا دہشت گرد مارا گیا، 2 دہشت گرد داخلی راستے تک پہنچے تو دوسرے کو بھی جہنم واصل کردیا گیا۔

  تیسرا دہشت گرد گولیاں برساتا، دستی بم حملے کرتا باہر موجود ویٹنگ ایریا تک جا پہنچا جہاں ویزا لینے آئے باپ بیٹے کو قتل کیا اور اندر داخل ہونے کی ناکام کوشش میں تیسرا دہشت گرد بھی مارا گیا اور یوں بلوچ لبریشن آرمی کا چینی قونصل خانے پر حملہ قونصل خانے پر تعینات پولیس اہلکاروں اور سیکورٹی گارڈز نے چند ہی منٹوں میں ناکام بنادیا دہشت گرد چینی قونصل خانے کےعملے کو یرغملا بنانے میں ناکام رہے۔

پولیس کی جوانمردی اور فرض شناسی سے شہادتوں کے سلسلے کو قائم رکھا مگر چینی دوستوں پر آنچ تک نہ آنے دی۔