سپریم کورٹ کو درخواست نہیں کروں گا:نواز شریف


اسلام آباد( 24نیوز )سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ میں نے سپریم کورٹ سے چھٹیوں کی درخواست نہیں کی اور نہ ہی ایسا کروں گا۔
احتساب عدالت میں العزیزیہ ریفرنس کی سماعت کے دوران کمرہ عدالت میں غیر رسمی گفتگو کے دوران ایک صحافی کے سوال پر جواب دیا کہ میں نے تو سپریم کورٹ کو کوئی درخواست ہی نہیں دی۔
اس دوران ایک صحافی نے سابق صدر پرویز مشرف کے حوالے سے بھی سوال کیا اور پوچھا کہ مشرف کہتے ہیں کہ تمام مقدمات میں ضمانت دی جائے تو پھر واپس آو¿ں گا؟جس پر نواز شریف نے جواب دیا کہ وہ اس پر کچھ نہیں کہیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں شریف خاندان کے خلاف ٹرائل مکمل کرنے کی مدت میں توسیع کی درخواست پر سماعت کے دوران جسٹس ثاقب نثار نے سابق وزیراعظم کے وکیل خواجہ حارث کو کہا تھا کہ 'اگر نواز شریف اور مریم نواز، بیگم کلثوم نواز کی عیادت کے لیے جانا چاہتے ہیں تو جاسکتے ہیں،ساتھ ہی چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے تھے کہ آپ زبانی درخواست کریں ہم اجازت دیں گے۔