اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاری پر وزیراعظم کا دلچسپ تبصرہ



اسلام آباد(24نیوز) وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاریوں پر دلچسپ تبصرہ دیتے ہوئے کہا کہ  نیب قانون اپوزیشن جماعتوں نے خود بنایا اب خود ہی پکڑے جارہےہیں، انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کو پاکستان پر رحم آگیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ختم، وزیراعظم عمران خان کو بانی ایم کیو ایم کی گرفتاری سے آگاہ کر دیا گیا۔ اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاریوں پر وزیراعظم عمران خان نے تبصرہ کرتےہوئے کہاکہ اللہ تعالی کو پاکستان پر رحم آگیا ہے۔جو لوگ پکڑے جارہے ہیں اس سے ہمیں فائدہ ہوگا، اجلاس میں ارکان اسمبلی کا وزیراعظم سے ترقیاتی فنڈز نہ جاری ہونے کا شکوہ کیاجس پر وزیرعظم نے یقینی دہانی کرائی کہ بہت جلد ارکان اسمبلی کے حلقوں کے لیے فنڈز جاری کردیں گے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے ممکنہ احتجاج کے حوالے سے کپتان نے کھلاڑیوں کو بھر پور جواب دینے کی ہدایت کردی۔  عمران خان نے تمام حکومتی ممبران کو ہدایت کی کہ تمام حکومتی اراکین کو بجٹ کے اہم نکات پتہ ہونا چاہیے۔ عمران خان کی ہدایت پر اراکین وفاقی وزیرمراد سعید کی جانب دیکھ کر مسکرائے۔ اراکین نے رائے دی کہ ایک مراد سعید ہی اپوزیشن کیلیے کافی ہے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاریوں سے متعلق اراکین کو خود آگاہ کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں دونوں جماعتیں ایک دوسرے پر الزامات لگاتے رہے ہیں۔  نیب قانون اپوزیشن جماعتوں نے بنایا اب خود ہی پکڑے جارہےہیں، گرفتاریوں کا الزام حکومت پر عائد کیا جارہا ہے،گرفتاریوں کا حکومت سے کوئی تعلق نہیں۔

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔