کشمیر کے مسئلہ پر پاکستان کو بڑی کامیابی مل گئی



اسلام آباد( 24نیوز ) پاکستان کو کشمیر کے معاملے پر بڑی سفارتی کامیابی مل گئی، 50ممالک کی طرف سے مظلوم کشمیریوں کی مکمل حمایت کا اعلان کردیا گیا، انسانی حقوق کونسل نے مشترکہ اعلامیہ میں بھارت کے سامنے 5مطالبات رکھ دیئے۔

ضرور پڑھیں:جگن@9، 20نومبر2019

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسئلہ کشمیر پر دنیا کے 50ممالک کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا، اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا، اعلامیے میں مقبوضہ وادی سے کرفیو کے فوری خاتمے، ذرائع مواصلات کی بحالی اور زیر حراست افراد کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر انسانی حقوق کونسل میں مشترکہ اعلامیہ پیش کیا گیا، اعلامیے میں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور بھارت سے کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کا احترام کیا جائے، کرفیو فوراً اٹھایا جائے, ذرائع مواصلات بحال کیے جائیں، حراست میں لیے گئے لوگوں کو فوراً رہا کیا جائے.

 ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نہتے کشمیریوں کے خلاف طاقت کا بالخصوص پیلٹ گنز کا استعمال بند کیا جائے، عالمی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر تک رسائی دی جائے, مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔