ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری،پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی

ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری،پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی


اسلام آباد (24نیوز) ملک کے میدانی علاقوں میں بارشوں نے جل تھل ایک کر دیا، تو برفباری کے بعد پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ، سائبیریا کی سرد ہوائیں پاکستان میں داخل ہونے سے کراچی سمیت ملک بھر میں بھی سردی کی شدت بڑھنے لگی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق  آج بھی میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہونے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش نے جل تھل ایک کر دیا، میدانی علاقوں میں بارش کے ساتھ بالائی علاقوں میں برفباری سے سرد اور بڑھ گئی،بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے بچوں کو اسکول کالج اور بڑوں کو دفاتر پہنچنے میں دشواری کا سامنا رہا۔

لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، پنڈی بھٹیاں، حافظ آباد میں بارش سے ٹھنڈ بڑھ گئی، پتوکی، فیصل آباد، شاہ کوٹ میں بھی بارش ہوئی۔ خان پور، ملتان، فیصل آباد حویلی لکھا، شاہ کوٹ میں بارش سے مضافاتی علاقوں کے مکین پریشان رہے، اسلام آباد میں 22، راولپنڈی 19، لاہور میں ، پشاور میں 6 ملی میٹر بارش ہوئی۔

شہر قائد میں بھی موسم ابر آلود رہا، بعض علاقوں میں ہلکی بوندا باندی بھی ہوئی، جس سے موسم خوشگوار اور خنک ہوگیا۔

اسکردو سمیت پہاڑی علاقوں میں پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھی لی ، تو سیاح بھی برفباری سے لطف اندوز ہونے پہنچ گئے۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں سمیت پنجاب میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، سندھ اور بلوچستان میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔