ڈالر کی پھر اونچی اڑان، روپے کی قدر مزید گرنے کا خدشہ

ڈالر کی پھر اونچی اڑان، روپے کی قدر مزید گرنے کا خدشہ


کراچی (24نیوز)  ڈالر کی مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ مسلسل تیسرے روز بھی جاری رہا، انٹر بینک مارکیٹ میں روپے کی قیمت مزید تقریبا 2 فیصد کم ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نے روپے کی قدر میں مسلسل کمی سے عملی طور پر لاتعلقی اختیار کر لی، انٹربینک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران ڈالر 108 روپے 42 پیسے سے بڑھ کر 110 روپے 50 پیسے کا ہو گیا، جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 109 روپے سے 110 روپے تک فروخت ہوتا رہا،، تین کاروباری روز کے دوران ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں مجموعی طور پر 4.8 فیصد کمی ہو چکی ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق اس بارے میں وزارت خزانہ کی طرف سے مکمل خاموشی سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت اور اسٹیٹ بینک کی مرضی سے ہی روپے کی قدر کم کی جارہی ہے، کیونکہ جولائی میں روپے کی قدر میں اچانک 3.1 فیصد کمی کے بعد وزیر خزانہ کے نوٹس پر روپیہ ایک روز میں ہی پرانی قیمت پر واپس آ گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کی طرف سے روپے کی قدر میں 10 فیصد تک کمی کا کہا جا رہا ہے۔