تیل کی بڑی پائپ لائن بند، عالمی مارکیٹ میں خام تیل مہنگا ہو گیا

تیل کی بڑی پائپ لائن بند، عالمی مارکیٹ میں خام تیل مہنگا ہو گیا


ویب ڈیسک (24نیوز) برطانیہ میں تیل کی بڑی پائپ لائن بند ہونے کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل مزید مہنگا ہونا شروع ہو گیا، فی بیرل قیمت سوا دو سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

تفصیلات کے مطابق مارکیٹ میں سپلائی کم ہونے سے خام تیل کی قیمت چند گھنٹوں کی ٹریڈنگ میں ہی ایک اعشاریہ پانچ فیصد تک بڑھ گئی، نیویارک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی فی بیرل قیمت 42 سینٹ کے اضافے سے 58 ڈالر 40 سینٹ تک پہنچ گئی، جبکہ عالمی بینچ مارک برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودے 94 سینٹ کے اضافے سے 65 ڈالر 63 سینٹ فی بیرل تک ہوئے، برطانیہ کی نارتھ سی پائپ لائن میں کریکس پڑنے کے باعث اسے مرمت کے لیے بند کر دیا گیا، اس سے یومیہ چار لاکھ 50 ہزار بیرل تک تیل کی سپلائی ہو رہی تھی۔

اوپیک ممالک کی طرف سے پیداوار میں کمی جاری رکھنے کے باعث مارکیٹ میں پہلے ہی تیزی دیکھی جا رہی تھی۔