عمران خان نے چوہدری نثار کو تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت دیدی


اسلام آباد (24 نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کو تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت دے دی، کہتے ہیں کہ سیاست میں بعض اوقات دل بڑا کرنا پڑتا ہے۔ چوہدری نثار اگر آزاد الیکشن لڑیں، تو حمایت کیلئے سوچیں گے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بنی گالہ میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری بیرون ملک اپنے اربوں ڈالر واپس لے آئیں تو انکی توبہ قبول ہے۔ عمران خان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلیوں سے نکلنے کا سوچ رہے تھے، اچھا ہوا ہم اسمبلیوں سے نہیں نکلے۔ عمران خان نے کہا کہ ایک شخص نے مجھے سینٹ ٹکٹ کے لیے چالیس کروڑ کی آفر کی۔ اقتدار میں آکر سینٹ کا الیکشن براہ راست کرائیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی بی شریف فیملی کے ذاتی ملاذم بنے ہوئے ہیں۔ لگ یہی رہا ہے کہ عام انتخابات وقت پر ہونگے۔ نگران حکومت آتے ہی بہت سارے لوگ ن لیگ کو چھوڑ دیں گے۔ سینٹ الیکشن کے بعد آئندہ الیکشن کے لیے ٹکٹس جاری کریں گے۔ الیکشن کمیشن پر بڑے اعتراضات ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کو موجودہ حکومت نے خود باہر بھیجا۔ خواجہ آصف قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں، ججز سے درخواست ہے کہ خواجہ آصف کا کیس روزانہ کی بنیاد پر سنیں۔ خواجہ آصف کا اپنا گھر ٹھیک کرنے کا بیان قومی سلامتی پر حملہ ہے۔