اسلام آباد میں رم جھم ، موسم ٹھنڈا اور خوشگوار ہوگیا


اسلام آباد (24نیوز) شہر بے مثال میں جاتی سردی ایک بار پھر لوٹ آئی، مارگلہ کے پہاڑوں کو بارش برساتے سرمئی بادلوں نے آغوش میں لے لیا، رم جھم برساتے بادلوں سے درختوں اور سبزے کا نکھار بھی لوٹ آیا، خزاں رسیدہ بوڑھے شجر سرسبز درختوں کے ساتھ مل کر لہلانے لگے ہیں۔

 اسلام آباد میں بارش نے موسمی خشکی کے شکار چہروں پر بہار برسا دی، کوچہ شہر کے برگ و گل دو ماہ کی خشک سالی کے بعد مسکرانے لگے ہیں، گزشتہ رات سے جاری بارش نے شہر کی خوبصورتی کو نکھار کر اجلا اجلا بنا دیا۔

 سرمئی بادلوں نے مارگلہ کے پہاڑوں کو مسلسل اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ سرسبز پہاڑوں سے اٹھکیلیاں کرتے بادل رقص کرتے نظر آتے ہیں، بوندا باندی ، سرمئی بادلوں کے سائبان تلے جھومتی ڈالیوں ، مسکاتی کلیوں نے شہر اقتدار اسلام آباد کا موسم دلکش بنا دیا۔ شہر کا نظارہ اس وقت انتہائی دلکش ہے، ایک طرف خزاں رسیدہ درختوں پو کونپلیں پھوٹ کر بہار کی نوید دے رہی ہیں، تو دوسری طرف سدا بہار سرسبز بہار کی آمد کو لہک لہک کر خوش آمدید کہ رہے ہیں۔