لودھراں ضمنی انتخاب: ن لیگ کے پیر اقبال شاہ نے علی ترین کو دھول چٹا دی


لودھراں (24 نیوز) لودھراں این اے 154 ضمنی انتخاب، غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ کے پیر محمد اقبال شاہ نے پی ٹی آئی کے علی ترین کو دھول چٹا دی۔

ٹوئنٹی فور نیوز نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے لودھراں ضمنی الیکشن میں ایک ایک پولنگ اسٹیشن کا نتیجہ ناظرین تک مصدقہ پہنچایا، نہ اندازے لگائے نہ کاپی پیسٹ جو بھی نتیجہ دیا، فارم 45 کے ساتھ دیا۔

واضح رہے کہ این اے 154 لودھراں کے ضمنی انتخاب کیلئے 10 امیدوار مدمقابل ہوئے، پی ٹی آئی کے جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین اور مسلم لیگ ن کے امیدوار پیر محمد اقبال شاہ میں کانٹے کا مقابلہ ہوا۔ پیپلز پارٹی نے مرزا علی بیگ اور تحریک لبیک پاکستان نے ملک اظہر کو میدان میں اتارا۔

حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 31 ہزار سے زائد ہے، مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 36 ہزار اور خواتین ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 94 ہزار سے زائد ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ این اے 154 میں 338 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے، حلقے کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر 4500 فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کیے گئے جبکہ ہر پولنگ سٹیشن پر پاک فوج کے جوان بھی تعینات تھے۔

این اے 154 لودھراں کی نشست سپریم کورٹ سے اثاثہ جات کیس میں پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی جہانگیر ترین کے نااہل ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔