بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ: بھارتی ٹیم کی گرین شرٹس کو 7وکٹوں سے شکست 

بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ: بھارتی ٹیم کی گرین شرٹس کو 7وکٹوں سے شکست 


عجمان (24 نیوز) بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارت نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل اور ٹریول ایجنٹ کی لاپرواہی کے نتیجہ میں پاکستان کے پانچ کھلاڑی بھارت کے خلاف اہم میچ کے لیے متحدہ عرب امارات نہ پہنچ سکے۔ بھارت پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا۔

عجمان میں بھارتی ٹیم کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان نے 8وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے۔ محمد جمیل 94 اور کپتان نثار علی 62 رنزبناکر نمایاں رہے۔

جواب میں بھارت نے 35 ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر 283 رنز بنا کر میچ میں کامیابی حاصل کر لی۔ دیپک پٹیل 79 اور وینکٹش 64رنز بناکر نمایاں رہے۔ پاکستان کی طرف سے ظفر اقبال نے 2جبکہ ہارون خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ بھارت کے دیپک پٹیل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل اور ٹریول ایجنٹ کی لاپرواہی کے نتیجے میں 5 پاکستانی کھلاڑی بدر منیر، ریاست خان، ساجد نواز، محسن خان اور راشد بھارت کے خلاف میچ میں حصہ نہ لے سکے۔

پاکستان کے خلاف کامیابی کے بعد بھارتی ٹیم تین میچز میں سات پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سر فہرست پہنچ گئی۔