آسٹریلیا کو شکست، انگلینڈ کی ورلڈکپ فائنل میں انٹری

 آسٹریلیا کو شکست، انگلینڈ کی ورلڈکپ فائنل میں انٹری


(24 نیوز)میزبان انگلینڈ کرکٹ ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچ گیا،سیمی فائنل میں رایتی حریف آسٹریلیا کوعبرتناک شکست سے دوچار کردیا، انگلینڈ 1992کے بعد فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوا جبکہ آسٹریلیا تاریخ میں پہلی بارسیمی فائنل مقابلے میں ناکام رہی۔

انگلینڈ کی تاریخی فتح، آسٹریلیا کو مات دے کرورلڈکپ کے فائنل میں جگہ بنا لی، آسٹریلیا پورے میچ کے دوران انگلش ٹیم کے سامنے بے بس دکھائی دی۔  آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کربیٹنگ کا فیصلہ کیا جودرست ثابت نہ ہوا، انگلش باؤلرزنے ٹاپ آرڈر تباہ کردیا، آسٹریلیا کی پہلی تین وکٹیں صرف 14کے اسکورپرگرگئیں۔

سٹیواسمتھ 85 اورالیکس کیری 46رنز بنا کر نمایاں رہے، مچل اسٹارک 29 اورگلین میگسویل 22رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ آسٹریلیا کی پوری ٹیم 223رنز بناکرآؤٹ ہوگئی،،انگلینڈ کی طرف سے کرس ووکس اورعادل رشید نے 3،3 جبکہ جوفرا آرچر نے دو اور مارک ووڈ نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

224رنز کے تعاقب میں انگلینڈ نے اننگز کا پراعتماد آغاز کیا، جیسن روئے اورجونی بیئراسٹونے پہلی وکٹ پر 124رنز کی شراکت قائم کی۔ بیئراسٹو نے 34رنز بنائے جبکہ جیسن روئے نے 85رنز کی دھواں داراننگز کھیلی، روئے نے 65گیندوں پر9چوکے اورپانچ چھکے بھی جڑے۔ انگلینڈ نے 224رنز کا ہدف باآسانی 32ویں اوور میں دو وکٹوں پرپورا کرلیا، جوروٹ 49اورکپتان ایون مورگن 40رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

انگلینڈ تاریخ میں چوتھی بار ورلڈکپ کے فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوا ہے پہلی تینوں بار میگا ایونٹ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکا تھا۔