تین سیاسی جماعتیں کراچی میں کارکنوں کا لہو گرمائیں گی

تین سیاسی جماعتیں کراچی میں کارکنوں کا لہو گرمائیں گی


کراچی(24نیوز) کراچی میں ہونے والا ہے تین جلسوں کا میلہ ، پاکستان پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور اے این پی آج اپنے اپنے کارکنوں کے لہو گرمائیں گے۔ تمام پارٹیوں کی انتظامیہ کی جانب سے جلسہ گاہ پر تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی باغ جناح میں، پاکستان تحریک انصاف الہٰ دین پارک کے قریب جبکہ عوامی نیشنل پارٹیبنارس کے باچا خان چوک پر جلسہ کرے گی۔ تمام پارٹیوں ک جانب سے جلسہ گاہ کو پارٹی پرچموں سے سجا دیا گیا ہے، جبکہ سٹیج کے کام کی تیاریاں بھی آخری مراحل میں پہنچ چکی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف نے پہلے کراچی کے ایک ہی گراؤنڈ حکیم سعید میں جلسہ کرنا تھا جس پر دونوں پارٹیوں میں کافی تنازع رہا اور 8 مئی کو تو حکیم سعید گراؤنڈ میدان جنگ بن گیا تھا، حالات کی دیکھتے ہوئے کراچی انتظامیہ کی جانب سے دونوں پارٹیوں کو حکیم سعید گراؤنڈ میں جلسہ کرنے سے روک دیا گیا اور پاکستان تحریک انصاف الہٰ دین پارک کے قریب جبکہ  عوامی نیشنل پارٹی کو بنارس کے باچا خان چوک پر جلسہ کرنے کی اجازت دی گئی۔

پیپلز پارٹی جلسہ

پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے جلسہ کی تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں ۔ جلسہ سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر رہنما خطاب کریں گے ۔

اس جلسے کے حوالے سے پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی نے بتایا کہ جلسہ سانحہ 12 مئی کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے ۔ جلسے میں تقریبا 40 ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں جبکہ 120 فٹ لمبا 40 فٹ چوڑا 20 فٹ اونچا اسٹیج بنایا گیا ہے ۔جلسہ میں لائٹنگ اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔ جلسہ گاہ کے اطراف پیپلز پارٹی کی ضلعی اور ذیلی تنظیموں کی جانب سے استقبالیہ اور دیگر کیمپ لگائے گئے ہیں ۔

جلسہ گاہ کے اطراف پارکنگ کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں ۔ جلسہ گاہ میں قائم اسٹیج کی سکیورٹی جانثاران شہید بے نظیر بھٹو سنبھالیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ جلسے کا آغاز4بجے سہ پہرہو گا ۔وقار مہدی نے بتایا کہ اس جلسے میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا خطاب انتہائی اہمیت کا حامل ہو گا ۔

جلسے کے انتظامات کے جائزہ کے لیے پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو ، جنرل سیکرٹری وقار مہدی ، کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی ، جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری ، راشد ربانی ، نجمی عالم اور دیگر رہنماؤں نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ لیا ۔

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاقی جماعت ہے اور جمہوریت کے لیے پیپلز پارٹی نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں ۔ کراچی کا امن خراب کرنے اور لسانی سیاست کو فروغ دینے والوں کو شہر قائد کے عوام نے مسترد کر دیا ہے ۔ککری گراؤنڈ ایف سی ایریا میں کامیاب جلسے کے بعد یہ جلسہ بھی کراچی کی تاریخ میں ایک بڑا عوامی اجتماع ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کراچی میں مزید عوامی جلسے کرے گی اور آئندہ انتخابات میں کراچی سے پیپلز پارٹی کامیاب ہو گی ۔

واضح رہے کہ جلسے کے انتظامات پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن اور میزبانی پی پی پی ضلع شرقی کر رہی ہے اور پی پی پی ضلع شرقی کے صدر اقبال ساند ،عبدالرحیم وقاص شوکت اور دیگر رہنما پارٹی قیادت کی ہدایت پر جلسے کی تیاریوں میں مصروف ہیں ۔

پاکستان تحریک انصاف جلسہ

پاکستان تحریک انصاف کی عوامی رابطہ مہم میں بھی تیزی آگئی، تحریک انصاف کی سونامی آج کراچی سے ٹکرائے گی، عمران خان کراچی جلسے سے خصوصی خطاب کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف انتظامیہ کی جانب سے بھی پنڈال سجا دیا گیا ہے، ہر طرف پارٹی پرچموں کی بہار ہے لائیٹنگ ، کرسیوں اور اسٹیج پر تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ جبکہ جلسہ میں عمران خان کا ہم شکل بھی پہنچ چکا ہے۔ذرائع کے مطابق عمران خان جلسے میں اپنا لائحہ عمل بھی سامنے رکھیں گے۔ ذرائع  کا یہ بھی کہنا ہے کہ کپتان کراچی میں پارٹی عہدیداروں سے ملاقات بھی کریں گے۔

کپتان نے جلسے میں شرکت کے لیے ویڈیو پیغام بھی جاری کررکھا ہے جس میں انھوں نے کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر اور کاروباری مرکز بنا سکتے ہیں، سندھ کو ترقی یافتہ صوبہ بنا کر آگے لا سکتے ہیں۔ انھوں نے شہریوں کو جلسہ میں آنے ک دعوت بھی دی۔

عوامی نیشنل پارٹی جلسہ:

عوامی نیشنل پارٹی بھی کسی سے پیچھے نہ رہتے ہوئے آج ویکنڈ مناتے ہوئے جلسہ کرے گی۔ عوامی نیشنل پارٹی بنارس کالونی میں باچا خان کے گراؤنڈ میں پنڈال سجا رہی ہے۔ جلسہ کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے سانحہ 12 مئی کے شہداء کی یاد میں تعزیتی جلسہ منعقد کیا جارہا ہے۔  ذرائع کے مطابق جلسہ سے قبل باچا خان مرکز پر  شہداء کے لیے قرآن خوانی بھی کی جائے گی۔

 

 

 

 

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔