انگلش ٹیم نے بھارتی سورماؤں کو دھول چٹا دی

انگلش ٹیم نے بھارتی سورماؤں کو دھول چٹا دی


لندن (24 نیوز) اوول ٹیسٹ میں انگلینڈ نے بھارت کو 118 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔

 تفصیلات کے مطابق سیریز کے پانچویں اور آخری  ٹیسٹ میں انگلش ٹیم نے بھارت کو جیت کےلئے  464رنز کا ہدف دیا ، ہدف کے تعاقب میں بھارت کی پہلی 3 وکٹیں محض 2 رنز پر گر گئیں،اس موقع پر راہول اوراجنکیا راہنے نے  ٹیم کو سہارا دیا اور اسکور کو  120  تک پہنچایا ،تاہم 37 کے انفرادی اسکور پہ راہنے بھی پویلین لوٹ گئے.

سکور میں 1 رن کے اضافے کے ساتھ  وہاری بھی  آؤٹ ہوگئے،جس کے بعد میچ میں بھارت کی واپسی ناممکن لگ رہی تھی،مشکل صورت حال میں راہول اور پنت نے چھٹی وکٹ پر 204 رنز کی شراکت قائم کی ،دونوں کھلاڑیوں نے شاندار سنچریاں اسکور کیں مگر بھارت کو شکست سے نہ بچا سکے۔ 

325 کے مجموعی اسکور پر  20چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 149رنز بنانے والے راہول کو راشد نے بولڈ کردیا تو صرف 3 رنز کے اضافے پر ہی راشد نے معین علی کی مدد سے پنت کو پویلین کی راہ دکھائی،انہوں نے 4چھکوں اور 15 چوکوں لگائے اور 114رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

اس کے بعد بھارتی ٹیم کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور پوری ٹیم 94 اعشاریہ 3 اوورز میں 354رنز پر ڈھیر ہوگئی ،یوں انگلش ٹیم نے بھارت کے خلاف ہوم سیریز 4-1سے اپنے نام کرلی۔

اپنے کیرئیر کا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے ایلسٹرکک  میچ کے بہترین کھلاڑی جبکہ سیم کرن سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔