شہید سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید فوجی اعزاز کے ساتھ کیولری قبرستان میں سپردخاک


لاہور (24نیوز)  شہید سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید کی نماز جنازہ لاہورکے ایوب اسٹیڈیم میں ادا کردی گئی،جس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض دیگر عسکری حکام اور حکومتی ارکان نے شرکت کی ۔

تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے پاک دھرتی پر جان نچھاور کرنے والے شہید عبدالمعیدکی ایوب سٹیڈیم میں نماز جنازہ ادا کر دی گئی، جس میں کورکمانڈرلاہورعامرریاض ،سی سی پی او لاہور،حکومتی ارکان کے علاوہ شہید کے رشتہ داروں اور دوستوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

شہید عبدالمعید کو فوجی اعزاز کے ساتھ کیولری گراؤنڈمیں سپرد خاک کیا گیا، شہید کے والد کا کہنا ہےکہ عبدالمعید کو بچپن سے ہی آرمی میں جانے کاشوق تھا،مجھے بیٹے کی شہادت پر فخر ہے۔

21 سالہ سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید نے حال ہی میں پی ایم اے کورس پاس کیا تھا اور گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے میں شہیدہوئے، شہید کی یہ پہلی پوسٹنگ تھی،عبد المعید چار بہن بھائیوں میں سب سے بڑے تھے۔