پیپلز پارٹی شہباز شریف کی حمایت میں ڈٹ گئی

 پیپلز پارٹی شہباز شریف کی حمایت میں ڈٹ گئی
24News HD - Shahbaz Sharif


اسلام آباد (24 نیوز) پیپلزپارٹی چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی شہباز شریف کے حق میں ڈٹ گئی۔ رہنما پیپلز پارٹی خورشید شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ماضی میں تحریک انصاف کے اراکین ایوان میں رقص کرتے رہے ہیں، حکومت نے ڈگر نہ بدلی تو اپوزیشن کو بھی ایسا ہی کرنا پڑے گا، قومی اسمبلی کو بے توقیر طریقے سے چلانے نہیں دیں گے۔

وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان اسمبلی کو کنٹینر کی طرح چلانے کی کوشش کر رہے ہیں اور اسمبلی میں بھی کنٹینر کی سیاست کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ڈلیور کرنے میں ناکام رہی ہے اور اب عوام کو لڑائیوں میں الجھانا چاہتی ہے۔ عمران خان کی آئی ایم ایف چیف سے ملاقات کو پاکستان کی تذلیل قرار دیتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعظم کی آئی ایم ایف چیف سے ملاقات کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔

خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان پاکستان کی تذلیل کرنے کے سوا کچھ نہیں کر سکتے، کشکول توڑنے اور خود کشی کا اعلان کرنے والا خود آئی ایم ایف کے سامنے پیش ہوا۔

چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ اگر کسی میں ہمت ہے تو شہباز شریف کے خلاف تحریک عدم اعتماد لا کر دکھائے، حکومت قومی اسمبلی کی کارروائی بھی نہیں چلا سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے سپیکر، شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک کی وجہ سے پارلیمنٹ چلانے کی کوشش کی۔

 رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ حکومت نے سپیکر اسد قیصر کو پریشان کر دیا ہے، سپیکر کو کمیٹی ارکان کی ردوبدل کا اختیار نہیں ہے۔ سپیکر کو صرف پارٹی کی درخواست پر ردو بدل کرنے کا اختیار ہے۔

ایم کیو ایم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ ایم کیو ایم حکومت کو بلیک میل کر کے فائدہ لے گی۔ ایم کیو ایم کی تاریخ ہے کہ موقع سے فائدہ اٹھاتی ہے، ایم کیو ایم کو اپوزیشن کا حصہ سمجھتے ہیں نہ سمجھیں گے۔

صغراں افضل(ایڈیٹر)