وطن کی آزادی کشمیریوں کے نام، پاکستان ہر فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ لڑے گا:صدر مملکت



اسلام آباد(24 نیوز) عید الا ضحی کے تیسرے روز آج یوم آزادی قومی جوش و جذبے اور شایان شان طریقے سے منایا  جارہا ہے،72 ویں یوم آزادی کو یکجہتی کشمیر سے منسوب کیا گیا ہے۔مرکزی تقریب جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں جاری ہے،تقریب کی صدارت صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کررہے ہیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہناہےکہ پاکستان ہر فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ لڑے گا، مسلمان جنگ کی تمنا نہیں کرتےلیکن جنگ مسلط کی جائے تو پیچھے نہیں ہٹتے،بھارت پاکستان کی امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھے،یہ بات انھوں نے اسلام آباد کنونشن سینٹر میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتےہوئے کہی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کشمیرکی تحریک آزادی کی سفارتی ،سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا،صدر مملکت نے کہاکہ کشمیر سے متعلق بھارتی اقدام کو اقوام متحدہ لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

تقریب سے حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے خطاب کرتےہوئے تحریک آزادی کشمیر اور کشمیریوں کو درپیش مشکلات کا ذکر کیا،،انھوں نے کشمیر کی تارہ ترین صورتحال پر نظم بھی پڑھ کر سنائی۔رنگا رنگ تقریب میں قومی گلوکاروں اور مختلف اسکول کے بچوں نے ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کیے۔

تقریب میں چیرمین سینیٹ صادق سنجرانی،اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر،وفاقی کابینہ کے وزرا،چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات اور مختلف ممالک کے سفارت کاروں نے بھی شرکت کی۔

دن کا آغاز نماز فجر کے بعد تمام بڑی مساجد میں وطن عزیز کی سلامتی، ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی، قومی یکجہتی اور وطن عزیز کی خدمت کی توفیق اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعاﺅں سے کیا گیا۔

 اس موقع پر وزیراعظم عمران خان آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب بھی کریں گے۔

جشن آزادی کے سلسلے میں مختلف سرکاری و غیر سرکاری اداروں، سماجی تنظیموں اور نظریہ پاکستان فورم اور دیگر شعبوں کی جانب سے مختلف نوعیت کے پروگرامز ترتیب دئیے گئے ہیں، جس کے دوران سیمینارز، میٹنگز، کانفرنسز اور مختلف تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات کے مابین تقریری و مضمون نویسی کے مقابلے منعقد ہوں گے جب کہ یونیورسٹیوں اور مختلف تعلیمی اداروں میں بھی جشن آزادی کے پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا۔

 ملک بھر کے بازاروں، مارکیٹوں، شاہراہوں کو رنگ برنگی جھنڈیوں، قومی پرچموں کے ساتھ سجایا گیا ہے-

اظہر تھراج

Senior Content Writer