گیس بندش سے برآمدات میں کمی ہو گی، حکومت بحال کرے: علی پرویز، گوہر اعجاز


لاہور (24 نیوز)چیئرمین آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن پنجاب علی پرویز ملک اور گروپ لیڈر اپٹما گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ چار ماہ میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کی برآمدات میں دس فیصد اضافہ ہوا ہے۔ قدرتی گیس کی بندش سے برآمدات کم ہوجایئں گی، حکومت قدرتی گیس بحال کرے۔

علی پرویز ملک نے  گوہر اعجاز کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا  کہ حکومت کی خصوصی توجہ کے باعث جولائی سے نومبر تک ٹیکسٹائل انڈسٹری کی برآمدات میں دس فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ برآمدی حجم آٹھ اعشاریہ ایک بلین ڈالر سے نوبلین ڈالر تک پہنچ گیا۔

گوہر اعجاز نے کہا کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کو قدرتی گیس کا کوٹہ اٹھائیس فیصد ملتا ہے جو سات دسمبر سے بند کردی گئی ہے۔ قدرتی گیس کی بندش سے صنعت کی پیدواری لاگت بڑھے گی۔ اپٹما وفاقی حکومت سے بھرپور مطالبہ کرتی ہے کہ صنعت کو قدرتی گیس بحال کی جائے اور ملک بھر میں گیس کا ٹیرف یکساں کیا جائے۔

دونوں  رہنماؤں نےواضح کیا  کہ کرنسی کی قدر میں کمی نہیں چاہتے بلکہ حکومت سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ صنعت کی پیداواری لاگت دنیا کے برابر کی جائے تاکہ عالمی تجارتی مارکیٹ میں ملکی صنعت غیر ملکی صنعت کا مقابلہ کرسکے۔