نیب کی اپیل مسترد،نواز شریف کی ضمانت برقرار



اسلام آباد( 24نیوز )سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف نیب کی اپیلیں مسترد کردیں،نواز شریف ،مریم نواز اور محمد صفدر کی ضمانتیں برقرار رکھی گئی ہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) کی اپيل خارج کردی۔

یاد رہے کہ احتساب عدالت نے گذشتہ برس 6 جولائی کو نواز شریف کو ایون فیلڈ ریفرنس میں 10 سال قید اور جرمانے جبکہ ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی، جسے بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے 19 ستمبر کو معطل کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم جاری کیا تھا۔ 

اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے نواز شريف کی سزا معطلی کے خلاف نيب نے سپريم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔گذشتہ سماعت پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے اپنے ریمارکس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے نواز شریف کی سزا معطلی کے فیصلے کو فقہ قانون کے خلاف قرار دیتے ہوئے اس کیس میں پیدا ہونے والے اہم آئینی نکات کے پیش نظر لارجر بینچ بنانے کا حکم دیا تھا۔

 جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نےکیس کی سماعت کی، بینچ کے دیگر ارکان میں جسٹس آصف سعید کھوسہ، جسٹس گلزار، جسٹس مشير عالم اور جسٹس مظہر عالم شامل تھے۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer