پروٹیز نے شاہینو ں کو وائٹ واش کردیا



جوہانسبرگ( 24نیوز )پروٹیز نے شاہینو ں کو وائٹ واش کردیا،قومی کرکٹ ٹیم کو تیسرے ٹیسٹ میں بھی بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

جوہانسبرگ ٹیسٹ میں قومی کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ ایک بار پھر ناکام نظر آئی،بلے باز خزاں کے پتوں کی طرح بکھر کر پویلین واپس لوٹتے رہے،کسی نے صفر سکور کیا تو کوئی ڈبل فگر بھی کراس نہ کرسکا،کپتان سرفراز احمد وکٹ کے پیچھے کیچ پکڑنے کا ریکارڈ تو بنا گئے لیکن رنز سکور کرنے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دیے،اظہر علی نے مایوس کیا۔

جوہانسبرگ ٹیسٹ میں جیت کے لیے 381 رنز کے تعاقب میں قومی ٹیم شدید مشکلات سے دوچار رہی۔ جوہانسبرگ ٹیسٹ کے چوتھے روز قومی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز سے اننگز کا آغاز کیا تو اسد شفیق 48 اور بابر اعظم 17 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز اپنایا لیکن بابراعظم 21 کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد آنے والے کپتان سرفراز احمد بھی بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے۔اسد شفیق نے پروٹیز بولروں کے سامنے کچھ مزاحمت کی کوشش کی لیکن وہ بھی 179 کے مجموعی اسکور پر ہمت ہار گئے، انہوں نے 11 چوکوں کی مدد سے 65 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

جنوبی افریقا کی جانب سے رباڈا اور اولیویئر نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ڈیل اسٹین 2 اور فلینڈر نے ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل دوسری اننگز میں پاکستانی اوپنرز امام الحق اور شان مسعود نے ٹیم کو 67 رنز کا آغاز فراہم کیا، امام الحق 35، شان مسعود 37 اور آؤٹ آف فارم اظہر علی نے ایک مرتبہ پھر مایوس کن کارکردگی پیش کی اور صرف 15 رنز بنا کر پویلین کی راہ لی۔

یاد رہے کہ پاکستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 185 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی جب کہ میزبان ٹیم نے پہلی اننگز میں 262 اور دوسری میں 303 رنز بنائے۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer