ٹرانسپورٹ مافیا اِن ایکشن، عید پر منہ مانگے کرائے وصول کیے جانے لگے


24 نیوز : ٹرانسپورٹ مافیا نے کراچی سے اندرون ملک کرایوں میں منہ مانگا اضافہ کر دیا۔ پردیسیوں کی اپنے گھر والوں کے ساتھ عید منانے کی خوشیاں ہوش ربا کرائے کی نذر ہو گئیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے ایک مصروف بس اڈے جہاں سے اندورن ملک بسیں اور کوچز روانہ ہوتی ہیں پر ہر مسافر پریشان نظر آتا ہے۔ ہر طرف مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان تکرار ہوتی نظر آتی ہے۔پردیسوں کا کہنا ہے کہ عید اپنے گھر والوں کے ساتھ منانا جرم ہو گیا ہے۔ ہر عید پر ٹرانسپورٹ مافیا بے لگام ہو جاتی ہے مگر کوئی ان کو کنٹرول کرنے والا نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عید کا چاند نظر نہیں آیا، کل روزہ ہوگا 

دوسری طرف ٹرانسپورٹ مافیا کے پاس ہمیشہ کی طرح ڈیزل پٹرول مہنگا ہونے سمیت طرح طرح کے بہانے موجود ہوتے ہیں۔ شہر قائد سے پردیسوں کی ایک بڑی تعداد اندورن ملک عید کی کوشیاں منانے کے لیے سفر کرتی ہے۔مگر مہنگے ہوائی سفر اور کم ٹرینوں کے بعد سڑک کا راستہ بچتا ہے جہاں مہنگے کرائے خوشیوں کے آڑے آجاتے ہیں۔