سردی سے زندگی جم گئی، میدانی علاقوں میں دھند کا راج برقرار

سردی سے زندگی جم گئی، میدانی علاقوں میں دھند کا راج برقرار


لاہور(24نیوز) ملک بھر میں سردی کی لہر قائم، حافظ آباد، پنڈی بھٹیاں، ملتان، ہارون آباد دھند کی زد میں جبکہ اہم شاہراہوں پر حدنگاہ صفر تک پہنچ گئی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں شدید سردی اور دھند کا راج ہے، شدید دھند کی وجہ سے حدنگاہ بعض مقامات پر صفر تک پہنچ گئی، موٹروے مختلف مقامات سے بند ہے جبکہ فیصل آباد سے چھوٹی گاڑیوں کے لئے موٹروے کو کھول دیا گیا ہے ، شہریوں کو سفر کے دوران احتیاطی تدابیر استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، پہاڑی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے، سیاحوں نےبرفباری سے لطف اندوز ہونے کیلئے پہاڑی علاقوں کا رخ کرلیا ہے۔

حافظ آباد، پنڈی بھٹیاں، ملتان، ہارون آباد دھند کی زد میں آگئے جبکہ بہاولنگر،منچن آباد،خان پور میں بھی شدید دھند برقرار ہے۔

اہم شاہراہوں پر حدنگاہ صفر تک پہنچ گئی، موٹر وے کئی مقامات پر ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی، ٹرینوں اور پروازوں کی آمد و رفت میں تاخیر کا شکار ہو گئیں، ٹھنڈ بڑھتے ہی اکثر شہروں میں گیس کا پریشر بھی کم ہوگیا، خواتین کو کھانے پکانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

سائبیریا کی سرد ہوائوں سے کراچی میں بھی ٹھنڈ کی شدت میں اضافہ ہوگیا جبکہ محکمہ موسمیات کی شہر قائد میں سردی بڑھنے کی پیشگوئی کر دی ہے۔