بھارتی فوجی حیوان بن گئے،اڑی سیکٹر میں 5 کشمیریوں کو شہید کر دیا

بھارتی فوجی حیوان بن گئے،اڑی سیکٹر میں 5 کشمیریوں کو شہید کر دیا


مقبوضہ کشمیر(24نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم نہ رک سکے ضلع بارمولا کی تحصیل اڑی میں بھارتی فوج نے مزید5 کشمیریوں کو شہید کردیا، گاؤں دلنجا میں گھر گھر تلاشی کے دوران متعدد کشمیری نوجوانوں کو نامعلوم مقامات پر بھی منتقل کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پیر کے روز علی الصبح بھارتی دہشتگرد فوج، سنٹرل آرمڈ پولیس فورس اور ریاستی پولیس نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو لہو لہو کردیا,  دہشتگرد سکیورٹی فورسز نے اُڑی سیکٹر کے علاقے دولنجا میں کارروائی کرکے پانچ بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ بھارتی قابض فورسز نے پورے علاقے کو چھاﺅنی میں تبدیل کرکے گھر گھر تلاشی کے دوران نہتے نوجوانوں کو سر عام گولیاں مار کر قتل کیا۔

خیال رہے کہ جمعہ کے روز بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت نے گیدڑ بھبھکی ماری تھی کہ بھارت پاکستان اور چین سے بیک وقت نمٹے گا ، انہوں نے ایٹمی جنگ کا اعلان بھی کیا تھا۔ ہفتہ کو ڈی جی آئی ایس پی آر ، وزیر خارجہ خواجہ آصف اور دفتر خارجہ کی طرف سے انتہائی شائستہ انداز میں اس دھمکی کا جواب دیا گیاتھا۔

واضح رہے کہ 8 جولائی 2016 سے بھارتی دہشتگرد افواج نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی داستان رقم کرنے کا نیا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ، اب تک سینکڑوں کشمیری نوجوان بھارت کی ریاستی دہشتگردی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں جبکہ ہزاروں لوگ پیلٹ گن کا نشانہ بن کر اپنی بینائی سے محروم ہوئے ہیں۔