شاہ صاحب عوام کو بیوقوف بنانا بند کریں:احسن اقبال

شاہ صاحب عوام کو بیوقوف بنانا بند کریں:احسن اقبال


اسلام آباد(24نیوز)پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ  شاہ صاحب لوگوں کو جنوبی پنجاب کے نام پر بےوقوف بنانا بند کریں، پاکستان مسلم لیگ ن بہاولپور اور جنوبی پنجاب صوبوں کے قیام کا بل قومی اسمبلی میں جمع کراچکی ہے، اس بل کی مخالفت  تحریک انصاف کے وزیر اور پارلیمانی سیکرٹری نے کی۔

مسلم لیگ ن وعدے نبھانا جانتی ہے، پارلیمنٹ اور عوام سے جو وعدہ کیا  وہ صرف ن لیگ کو نبھانا آتا ہے، اسمبلی کے ریکارڈ پر موجود ہے کہ کس نے جنوبی پنجاب کے لوگوں کی ترجمانی کی اور کس نے بل جمع کرایا، شاہ صاحب اسمبلی کے ریکارڈ کو جھٹلانے کی کوشش نہ کریں، جنوبی پنجاب کے عوام سے آپ نے 100 دنوں میں صوبہ بنانے کا وعدہ کیا تھا۔

جنوبی پنجاب کے مظلوم لوگوں کے حقوق کے پر سیاست کرنا آپ بند کریں،شاہ صاحب مسلم لیگ ن کا بل پہلے ہی سٹینڈنگ کمیٹی میں موجود ہے، آپ حکومتی نمائندوں سے کہیں کہ اس پر فوری طور پر پیش رفت شروع کریں، پی ٹی آئی صرف نقل کی سیاست کر سکتی ہے ، مسلم لیگ ن کے منصوبوں کو اپنا بناکر پیش کیا، اب جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبہ پر مسلم لیگ ن کے بل پر بھی شاہ صاحب اپنا نام لکھنے پر تلے ہوئے ہیں۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer