آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کا سب سے بڑا ہدف پورا کرلیا

آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کا سب سے بڑا ہدف پورا کرلیا


آکلینڈ (24 نیوز) آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کا سب سے بڑا ہدف پورا کرکے دنیا کو حیران کردیا۔

اکلینڈ کے ایڈن پارک اسٹیڈٰیم میں جاری ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز کے پانچویں میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تو نیوزی لینڈ کے اوپنر مارٹن گپٹل نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 49 بالز پر سنچری بنا ڈالی۔ کولن منرو نے مارٹن گپٹل کا خوب ساتھ نبھایا اور 33 بالز پر چھ چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ نے چھ وکٹوں کے نقصان پر آسٹریلیا کو 244 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا۔

جواب میں آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر اور ڈی آرکی شورٹ نے سنسنی خیز بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ کینگروز کی جانب سے دونوں اوپنرز نے نصف سنچریاں سکور کی۔ ڈیوڈ وارنر نے 59 رنز جبکہ ڈی آرکی شورٹ نے 76 رنز سکور کیے۔

دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد گلین میکس ویل اور آرون فنچ نے آسٹریلین بیٹنگ لائن کو سنبھالا اور مقررہ 20 اوورز سے سات بالز قبل ہی پانچ وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز کا ہدف پورا کرلیا۔

ڈی آرکی شورٹ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز میں آٹھ پوئنٹس کے ساتھ آسٹریلیا پہلے نمبر پر برا جمان ہے۔