پاکستان ہاکی کے ٹوکیواولمپکس میں شرکت کے امکانات ختم

پاکستان ہاکی کے ٹوکیواولمپکس میں شرکت کے امکانات ختم


لاہور(24نیوز)پاکستان ہاکی ٹیم کے ٹوکیو اولمپکس میں شرکت کے امکانات ختم ہو گئے، انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے قومی ہاکی ٹیم کو کوالیفائنگ راؤنڈ میں شامل نہیں کیا جبکہ سیکرٹری  پاکستان ہاکی فیڈریشن آصف باجوہ ابھی بھی پر امید ہیں، کہتے ہیں کوشش کریں گے کہ کوالیفائنگ راونڈ میں شرکت مل جائے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن مصیبتوں سے باہر نہ نکل سکی،سیکرٹری  شہباز احمد کی چھٹی ہوگئی مگر مسائل ختم نہ ہوئے،وفاقی حکومت کی عدم دلچسپی کے باعث قومی ہاکی ٹیم کے ٹوکیو اولمپکس میں شرکت کےامکانات تقریبا ختم ہو گئے۔پاکستان کو پرو ہاکی لیگ میں شرکت کرنا تھا مگر عین موقع پر فنڈز نہ ہونے کے باعث قومی ٹیم لیگ میں شرکت نہ کر سکی جس کے باعث پاکستان ہاکی فیڈریشن پر انٹر نیشنل ہاکی فیڈریشن کی جانب سے 25 ملین کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔

جبکہ اس سے کم پیسوں میں قومی ٹیم پرو ہاکی لیگ میں شرکت کر کے اولمپکس کا ٹکٹ کٹوا سکتی تھی  اور اب 15 جون سے فرانس میں شروع ہونے والے پری کوالیفائنگ رائونڈ میں شرکت کے دروازے بھی بند ہو گئے۔

سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن آصف باجوہ کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کو خط لکھیں گے  کہ کوالیفائنگ میں اگر کوئی ٹیم شرکت سے انکار کرتی ہے تو اس کی جگہ پاکستان کو شریک کیا جائے جبکہ ان کا کہنا تھا کہ یہ سب کچھ ماضی کی ناقص پالیسیوں کے باعث ہوا۔ اسلام آباد میں حکومتی شخصیات سے ملاقات کروں گا تاکہ ہاکی کے معاملات میں بہتری آسکے۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer