وزیراعلیٰ سندھ نے پرتگالی فٹبال کوچز کو لیاری آنے کی دعوت دیدی

وزیراعلیٰ سندھ نے پرتگالی فٹبال کوچز کو لیاری آنے کی دعوت دیدی


کراچی (24 نیوز): وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے پرتگال کے فٹبال کوچز کو لیاری آنے کی دعوت دے دی۔ کہتے ہیں کہ اگلے سال لیاری میںنوجوانوںکو فٹبال کے گُر سکھانے غیر ملکی کوچز آئیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے پرتگال کے سفیر جاؤ پاؤلو مارکیوس سابیدو نے ملاقات کی، انہوں نے کہا کہ میں پرتگال کی فٹبال ٹیم کا بہت بڑا مداح ہوں اور چاہتا ہوں کہ لیاری کی ٹیم بین الاقوامی ٹیم بنے۔

 وزیراعلیٰ سندھ  نے پرتگال کے سفیر کو اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لیاری فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں کو تربیت دینے کے لیے  کوچز بھیجیں تاکہ ہمارے نوجوان کھلاڑی بھی عالمی فٹبال کے نقشہ میں آسکیں۔ جس پر پرتگالی سفیر نے وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آپ ایک خط لکھیں، ہم فٹبال کوچیز کو بھیجیںگے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے بھی دیر نہ لگائی اور اُسی وقت پرنسپل سیکرٹری کو فورا خط لکھنے کی ہدایت کر دی۔ وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ آئندہ سال فروری میں فٹبال کوچز آئیں گے ۔

دوسری جانب لیاری والوں نے وزیراعلیٰ سندھ کی پرتگالی کوچز کو لیاری لانے کے اعلان اور دعوت نامے کو سراہا، کہتے ہیں کہ فٹبال سے جنون کی حد تک لگائو رکھتے ہیں، غیر ملکی کوچز کے منتظر ہیں جب وہ یہاں آئیں گے تو بہت ٹیلنٹ ملے گا۔