قصور کی ننھی زینب کے قتل کیس کا فیصلہ آج سنایا جائے گا


لاہور (24 نیوز) قصور کی ننھی زینب کے قتل کیس کا فیصلہ آج سنایا جائے گا، انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے فیصلہ دو روز قبل محفوظ کیا تھا۔

فیصلے کی گھڑی آگئی، ننھی زینب کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے کے انجام کا فیصلہ آج ہو جائے گا۔ لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت محفوظ کردہ فیصلہ سنائے گی۔ فیصلہ محفوظ کرنے سے پہلے کوٹ لکھپت جیل میں جج سجاد احمد نے مسلسل چار روز کیس کی سماعت کی، ملزم عمران کے اعترافِ جرم اور شواہد کی روشنی میں چھپن گواہوں کے بیانات بھی قلمبند کئے گئے۔

واضح رہے کہ قصور میں سات سالہ زینب کو اغوا اور زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا تھا اور اس کی لاش نو جنوری کو کچرا کنڈی سے ملی تھی۔ واقعے کا چیف جسٹس پاکستان اور وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیا تھا۔ پولیس نے تئیس جنوری کو ملزم کو گرفتار کرلیا تھا، اس کے اگلے دن اسے عدالت میں پیش کیا گیا اور پہلے اس کا چودہ روزہ اور پھر دو روزہ ریمانڈ دیا گیا۔ ملزم عمران نے تحقیقات کے دوران نو بچیوں کو زیادتی کا نشانہ بنانے اور آٹھ کو قتل کرنے کا اعتراف بھی کررکھا ہے۔