ن لیگ ’سلطنت شریفیہ‘ کا لشکر ہے: ڈاکٹر طاہر القادری


لاہور (24 نیوز) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ قومی ادارے غیر جانبداری سے فیصلہ لیں۔ میرا مقصد اپنی ذات کیلئے عہدہ و منصب نہ تھا نہ ہوگا۔

لاہور میں متحدہ اپوزیشن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ یہ اتحاد سانحہ ماڈل ٹاون کی بدولت ہے۔ قومی ادارے غیر جانبداری سے فیصلہ لیں۔ میرا مقصد اپنی ذات کیلئے عہدہ و منصب نہ تھا نہ ہوگا۔ ن لیگ ’سلطنت شریفیہ‘ کا لشکر ہے۔

طاہر القادری نے مزید کہا کہ ماڈل ٹاون کے شہدا کے انصاف کیلئے جمع ہونے پر سب کا شکر گزار ہوں۔ اس سیشن کی قیادت جناب آصف زرداری کر رہے ہیں جبکہ اگلے سیشن کی قیادت چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کریں گے۔ شریف خاندان حکومت میں رہے تو ملک میں آئین و قانون کی بالادستی نہیں رہے گی، ان کی موجودگی میں عام افراد کو انصاف میسر ہو گا اور نہ ہی غریب کی بیٹی کے ہاتھ پیلے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ شریف برادران فوج کے خلاف نیوز لیک کا سکینڈل کرتے ہیں ، تحریک عدل کے نام پر عدالتوں پر حملہ کرتے ہیں ، مجیب الرحمان کو اپنا نظریاتی قائد اور قومی مفادات کا سودا کرنے کے لئے مودی کو اپنا دوست قرار دیتے ہیں۔ شریف برادران نے ذوالفقار علی بھٹو کی قبر کا میڈیا ٹرائل کیا ، بے نظیر اور عمران خان کی کردار کشی کی ہے۔ انہوں نے اقتدار، کاروبار اور لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے، ہم قوم کو ان کے ظلم سے نجات دلا کر دم لیں گے۔