چمن دھماکوں سے گونج اُٹھا، ملتان میں خواتین ہراساں، جلالپور سے ذکیہ اغواء

چمن دھماکوں سے گونج اُٹھا، ملتان میں خواتین ہراساں، جلالپور سے ذکیہ اغواء


ملتان ، چمن ، جلال پور، گڑھ مہاراجہ، راولپنڈی(24 نیوز) چمن دھماکوں سے گونج اٹھا۔ گڑھ مہاراجہ میں انسانیت کی تذلیل کی گئی۔ ملتان کے دارالامان میں خواتین ملازمین کو ہراساں کیا جانے لگا۔ جلال پور پیروالا میں 25سالہ خاتون کو گھر میں گھس کر اغوا کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق چمن میں پریس کلب کے سامنے یکے بعد دیگرے 3دھماکے ہوئے جس کے باعث شہر بھر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ دھماکوں میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

جلال پور پیروالا میں 50 مسلح افراد گھر میں گھس گئے۔ دیرینہ دشمنی کی بنا پر 25 سالہ ذکیہ بی بی کو گن پوائنٹ پر اغوا کرلیا۔ متاثرین سراپا احتجاج بن گئے۔

گڑھ مہاراجہ میں انسانیت کی تذلیل کی گئی۔ با اثر افراد نوجوان کو برہنہ کر کے نچواتے رہے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

راولپنڈی کے بے نظیر بھٹو ہسپتال میں خاتون، نومولود بچی سمیت دم توڑگئی۔ ورثاء نے ڈاکٹرز پر مبینہ غفلت کا الزام لگایا اور احتجاج کیا۔ جس سے مری روڈ بلاک ہو گئی۔

صوابی کے علاقہ زیدہ میں ڈاکوؤں نے دکان لوٹنے سے روکنے پر فائرنگ کردی۔ دکان کا چوکیدارجاں بحق ہوگیا۔

ملتان کے دارالامان میں خواتین ملازمین کو ہراساں کیا جانے لگا۔ خواتین ملازمین نے سپروائزر کے خلاف مبینہ ہراسگی کی درخواست دے دی۔